وزیر اعظم معاشی مسائل کے حل کا ٹاسک دینے کے بعد اس پر پوچھ گچھ کرتے ہیں
پاکستان کو خطے میں سرمایہ کاری کی جنت بنانا چاہتے ہیں، کاروبار چلیں گے تو ہی ترقی ہوگی
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام اور صنعت کار اچھی خبریں سنیں گے، بجٹ میں پٹرول، بجلی اور شرح سود مزید کم ہوں گے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کی معاشی سرگرمیاں نواز شریف کے وژن کی عکاس ہیں، وہ معاشی ترقی کی شرح کو 7 فی صد تک پہنچانا چاہتے ہیں، اور اس شرح کو 10 سال کے لیے مستحکم رکھنے کے خواہش مند ہیں۔معاون خصوصی نے کہا وزیر اعظم برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کی لائف لائن قرار دیتے ہیں، اور معاشی معاملات پر بھرپور توجہ دئیے ہوئے ہیں۔۔ انھوں نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف سرمایہ کاروں کو تحفظ اور اعتماد دینا چاہتے ہیں، اور پاکستان کو خطے میں سرمایہ کاری کی جنت بنانا چاہتے ہیں، ملک میں کاروبار چلیں گے تو ہی ترقی ہوگی۔