پاک‘امریکہ‘ایران روابط خطے میں امن و استحکام کی جانب اہم قدم ہیں اسحاق ڈار

پاکستان مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا:نائب وزیراعظم کی چینی سفیر سے ملاقات ‘مذاکرات کے بعد کی صورتحال پر گفتگو
 ایران اور امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری کا اعتراف کیا گیا :اسحاق ڈار کی وزارت خارجہ کے دورے کے موقع پر گفتگو‘سیکرٹری خارجہ اور ٹیم کو خراج تحسین
اسلام آباد(آئی این پی)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں اسلام آباد مذاکرات کے بعد کی صورتحال پر بات کی گئی۔رپورٹ کے مطابق نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زی دونگ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اسلام آباد مذاکرات کے بعد کی صورتحال اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔چینی سفیر نے امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔دریں اثناء اسحاق ڈار نے کہا ہے  پاک‘امریکہ‘ایران روابط خطے میں امن و استحکام کی جانب اہم قدم ہیں، تعمیری روابط کا فروغ خطے کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا اور افسران کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی پر سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران کی محنت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری کا اعتراف کیا گیا ہے ۔پاک-امریکہ-ایران روابط خطے میں امن و استحکام کی جانب اہم قدم ہیں، تعمیری روابط کا فروغ خطے کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔