سرکاری ہسپتالوں سے میت بلامعاوضہ گھر منتقل کرنے کیلئے سروس کا آغاز حکومت متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑی رہے گی:مریم نواز

 پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرائے وصول کرنا افسوسناک ہے،ریسکیو اہلکار کو اگر کوئی  پیسے دینے کی کوشش کرے تو اسے قبول نہ کیا جائے:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی سرکاری میت منتقلی سروسکا آغاز کر دیا۔ذرائع کے مطابق میت منتقلی سروس کی پہلے فیز میں لاہور،ملتان اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں سے تکریم کے ساتھ میت بلامعاوضہ گھر منتقل کی جائے گی، تاہم جون تک میت منتقلی سروس کا دائرہ کار بتدریج پنجاب کی ہر تحصیل تک شروع کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ ہرتحصیل میں Deceased Care Service میت منتقلی کے لئے مخصوصی ایمبولینس مہیا کی جائے گی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے لاہور، روالپنڈی اور ملتان کے لئے گاڑیوں کی چابیاں حوالے کیں، میت منتقلی سروس گاڑیوں کا معائنہ کیا، جبکہ منتقلی سروس کے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔اس موقع پر وزیراعلی نے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے اور رضائے الہی کے تحت فرائض انجام دیں، مریض کے انتقال کی صورت میں سوگوار خاندان کو دلاسہ اور معاونت فراہم کرنا بھی اس سروس کا حصہ ہوگا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ہسپتالوں میں میت کی منتقلی پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرائے وصول کرنا افسوسناک ہے اور ریسکیو اہلکار اگر کوئی ذاتی طور پر پیسے دینے کی کوشش کرے تو اسے قبول نہ کیا جائے، دکھ کی اس گھڑی میں حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔