بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام اور عوام کی خوشحالی قومی ترجیحات کا اہم حصہ ہیں‘مشکل آپریشنل حالات میں پاک فوج کے جوانوں کا مادر وطن کے دفاع کے لئے غیر متزلزل عزم قابل تحسین ہے:سپہ سالار
فیلڈ مارشل کا بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ‘ شہداء کو خراجِ عقیدت، یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے ، درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی‘ جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی:آئی ایس پی آر
تربت ( آن لائن) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے، آرمی چیف نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات کی اور مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، غیر معمولی آپریشنل تیاری اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔انہوں نے جوانوں کے حوصلے اور جذبے کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج بلوچستان میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے قیام کے لیے صوبے کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام اور عوام کی خوشحالی قومی ترجیحات کا اہم حصہ ہیں