اہلخانہ 1122 پر کال کرکے یا ہسپتال کاؤنٹر سے مفت وین سروس لے سکیں گے، میت کو دوسرے شہر لے جانے کی سہولت بھی مفت دی جائیگی
لاہور میں قائم کیا جانے والا جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے تیار ہے:وزیراعلی پنجاب کی اجلاس میں گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبہ پنجاب میں میت کو ہسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے فری ایمبولینس سروس کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میت کو ہسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دی، اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو بھی ریگولائز کرنے پر اتفاق کیا گیا، اس حوالے سے پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کیلئے پلان طلب کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی ہر تحصیل میں ہسپتال سے گھر میت لے جانے کیلئے کم ازکم ایک وین میسر ہوگی، مرحوم کے اہل خانہ 1122 پر کال کرکے یا ہسپتال کاؤنٹر سے مفت وین سروس لے سکیں گے، میت منتقلی سروس کی سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، میت کو ہسپتال سے دوسرے شہر لے جانے کی سہولت بھی مفت دی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور میں قائم کیا جانے والا جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے تیار ہے، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک جدید ترین دل کا ہسپتال ہے جو عالمی معیار کی طبی سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، اس سے نہ صرف پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ دل کی بیماری کی تشخیص اور علاج کے جدید اختیارات بھی فراہم کرے گا جو فی الحال پاکستان میں کہیں اور دستیاب نہیں ہیں۔