امریکی وفد سے ملاقات کا نہ کوئی رابطہ ہوا، نہ کوئی کارڈ آیا: بیرسٹر گوہر

امریکی وفد سے ملاقات کا نہ کوئی رابطہ ہوا، نہ کوئی کارڈ آیا: بیرسٹر گوہر

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی وفد سے ملاقات کے حوالے سے نہ تو ان سے کوئی رابطہ کیا گیا، نہ واٹس ایپ پر کوئی پیغام آیا اور نہ ہی کوئی دعوت نامہ یا کارڈ موصول ہوا۔

 انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر آج اسپیکر آفس سے وضاحت طلب کریں گے کہ ملاقات کے بارے میں انہیں کیوں آگاہ نہیں کیا گیا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ امریکی وفد سے ملاقات کے لیے ان سے کوئی باضابطہ رابطہ کیا گیا ہو، اگر تحریک انصاف سے رابطہ کیا جاتا تو ضرور شرکت کرتے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا مؤقف پہلے سے واضح ہے کہ ملکی مفادات پر اتفاق ہونا چاہیے، اور اگر کوئی دوست ملک کا وفد یا سربراہ آئے تو اس موقع پر قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اکٹھا ہو کر ان سے بات کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے پہلے ہی یہ طے کر رکھا ہے کہ ایسی ملاقاتوں میں قومی سطح پر یکجہتی دکھائی جائے۔گوہر علی خان نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی اور اگر ایسا ہوتا تو وہ ملاقات کے لیے تیار تھے۔ اس معاملے پر وہ باقاعدہ طور پر اسپیکر آفس سے استفسار کریں گے کہ انہیں کیوں نظرانداز کیا گیا۔