وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وفد کے سربراہ اور امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایریک میئر نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی، جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے ذریعے امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، اور اس ضمن میں امریکی وفد کا دورہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ایریک میئر نے 2025 کے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں فراہم کردہ مواقعوں میں دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات میں دہشت گردی، سمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں باہمی اشتراک کار کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ جون میں اسلام آباد میں مشترکہ کاونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں تعاون کو مزید بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
وزیر داخلہ نے ایریک میئر کو انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کی جنگ نہیں ہے، اس سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی امریکہ کی طرح غیر قانونی تارکین وطن کے مسائل کا سامنا ہے۔ایریک میئر نے مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ایریک میئر کی سربراہی میں امریکی وفد "پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025" میں شرکت کر رہا ہے۔