مریدکے،مصطفی آباد میں حادثات،مناہل،28سالہ جاوید نے ہسپتال میں دم توڑا، حلیمہ موقع پرچل بسی
مریدکے،مصطفی آباد (خصوصی رپورٹ) مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون،طالبہ سمیت 3افراد جاں بحق،6زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چونڈہ سے فیصل آباد جانیوالی مسافر بس جب مریدکے شیخوپورہ روڈ پر نجی شوز فیکٹری کے قریب پہنچی تو ایک تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر مار دی ،جس سے ساتویں کلاس کی 15سالہ طالبہ مناہل بلال ،اسکی والدہ جمیلہ ، ڈسکہ کا سمیع اللہ، ذیشان ، معاذ اور علی ولد حنیف شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں ریسکیو نے ہسپتال پہنچایا مگر طالبہ مناہل جانبرنہ ہوسکی، مزید دو زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں مصطفی آباد نواح میں کھارا کا رہائشی نوجوان جاوید اقبال اپنی والدہ حلیمہ بی بی اور بیٹے ایان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بیدیاں جارہاتھا کہ مین روڈ پر سامنے سے آنے والی تیز رفتار آلٹوکار موٹر سائیکل پر چڑھ گئی ،جس کے نتیجہ میں 60سالہ حلیمہ بی بی موقع پر جان کی بازی ہار گئی اور 5سالہ ایان کی دائیں ٹانگ زخمی ہوگئی ، جبکہ 28سالہ جاوید اقبال کو شدید زخمی حالت میں جنرل ہسپتال لاہور لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا،پولیس نے متوفی جاوید اقبال کے بھائی محمد شاہد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔