منتظمین نے دروازے بند کر دئیے ، سینکڑوں لوگ اندر داخل نہ ہو سکے،پولیس کی بھاری نفری موجود رہی
لاہور( خصوصی رپورٹ)میلہ چراغاں کی مناسبت سے تاریخی شالا مار باغ میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کی وجہ سے تعطیل کے روز شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی ، غیر معمولی رش کی وجہ سے والڈ سٹی اتھارٹی کے منتظمین بے بس ہو گئے جس کے باعث شالا مار باغ کے دروازے بند کر دئیے گئے ، سینکڑوں کی تعداد میں فیملیاں اندر داخل نہ ہو سکیں اور جی ٹی روڈ پر کھڑی رہیں، دروازے بند ہونے سے شالا مار باغ کے اندر بھی بد نظمی دیکھنے میں آئی۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے میلہ چراغاں کی مناسبت سے شالا مار باغ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیاگیا ، پہلے دو روز شہریوں کی تعداد معمول کے مطابق رہی تاہم تیسرے روز اتوار کی تعطیل ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں فیملیاں پہنچ گئیں۔ شالا مار باغ کے اندر جگہ کم پڑ جانے کی وجہ سے منتظمین نے دروازے بند کر دئیے جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں فیملیاں اندر داخل نہ ہو سکیں اور جی ٹی روڈ پر رش لگ گیا جس کی وجہ سے ٹریفک بھی جام ہو گئی۔ دروازے بند ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں فیملیاں اندر محصور ہو گئیں جس کی وجہ سے بد نظمی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود رہی۔کئی گھنٹے گزرنے کے بعد انتظامیہ صورتحال کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔