نئے بجٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کو ٹیکس مراعات دینے کا فیصلہ کیے جانے کی توقع
متعدد نئے ٹیکس اقدامات اور ٹیکس نیٹ وسیع کرنے پر بھی بات چیت ہو گی:ذرائع
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں پٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے فی لٹر کاربن لیوی لگنے کا امکان ہے، میڈیارپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع نے بتایا نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری اور دیگر معاملات پر پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے تکنیکی وفد کے درمیان مذاکرات آج (پیر) سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ متعدد نئے ٹیکس اقدامات اور ٹیکس نیٹ وسیع کرنے پر بات چیت ہو گی، مذاکرات میں وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے حکام شرکت کریں گے۔ نئے خصوصی اقتصادی اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے ٹیکس مراعات پر حتمی فیصلہ ہوگا، آئی ایم ایف نے خصوصی اقتصادی زون، برآمدی شعبے کیلئے ٹیکس چھوٹ کی مخالفت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے فی لٹر کاربن لیوی لگانے کا فیصلہ تو اسے فنانس بل کا حصہ بنایا جائے گا۔ نئے بجٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کو ٹیکس مراعات دینے کا فیصلہ بھی کیے جانے کا امکان ہے، ذرائع کا بتانا ہے الیکٹرک گاڑیوں کی مجوزہ پالیسی کے تحت ای وی چارجنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے، ریٹیلرز اور ہول سیلرز سمیت مختلف شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔