علی امین گنڈاپور بانی سے آج ملاقات

عمران خان سے کون ملاقات کریگا ؟ پی ٹی آئی کی 5رکنی کمیٹی فیصلہ کریگی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ 
 اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے کہا ہے کہ فہرست کے سوا کوئی بھی فرد عمران خان سے ملاقات نہیں کرے گا، ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپلن اور مقرر کردہ قاعدے کا منحرف تصور ہو گا، تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان سے ملاقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔اس میں کہا گیا کہ یہ کمیٹی ہر منگل اور جمعرات کے روز بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی، جہاں تک ممکن ہوا، ایک میٹنگ میں اگلی میٹنگ کی فہرست کی منظوری بانی سے لی جائیگی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فہرست بانی پی ٹی آئی کے نامزدتین فوکل پرسنز گوہر علی خان، سلمان اکرم راجا اور انتظار پنجوتھا میں سے کسی ایک کے ذریعے جیل حکام کو ارسال کی جائے گی،فہرست میں دیئے گئے افراد میں سے کسی فرد کو انتظامیہ کی جانب سے روکے جانے کی صورت میں باقی افراد بانی پی ٹی آئی سے زیر احتجاج ملاقات کر سکتے ہیں،ایسی صورت میں جیل حکام کیخلاف فوری توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائیگی، علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وہ کسی بھی دن اورکسی بھی وقت بانی سے ملاقات کیلئے آزاد ہوں گے، اس کیلئے پانچ رکنی کمیٹی کی فہرست کی پابندی لازم نہیں ہوگی۔ادھر وزیر اعلیٰ علی امین آج بانی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جائیں گے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ کے مطابق کے پی مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر بانی سے مشاورت ہوگی، گنڈاپور بانی سے بل پرحتمی رائے لیں گے، پارٹی کے اندرونی معاملات پربھی بات چیت ہوگی۔