جاویدکوڈو کو مغلپورہ میں گھر کے قریبی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا،فنکاروں کاگہرے دکھ کااظہار
وزیراعظم ،سپیکر قومی اسمبلی ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازاوروزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا اظہار افسوس
لاہور (آئی این پی )سٹیج اور ٹی وی کے سینئراداکار و کامیڈین جاوید کوڈوکی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں شوبزسے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ لاہور کے علاقے مغلپورہ میں ادا کی گئی ،نمازجناز ہ میں خالدعباس ڈار،نسیم وکی،قیصرپیا،طاہرنوشاد،عرفان ہاشمی،گوشی خان،اورنگ زیب لغاری,اکرم اداس،افضل خان ریمبو سمیت شوبز سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر فلم، ٹی وی اور سٹیج سے وابستہ فنکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نامور فنکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ جاوید کوڈو جو اپنے چھوٹے قد اور قدآوراداکاری کی وجہ سے مشہور تھے،ان کی وفات سے ایسا خلا پیدا ہوگیا جو شاید کبھی پر نہ ہو، مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے جاوید کوڈوکے انتقال پررنج وغم کااظہارکیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بھی جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے معروف کامیڈین جاوید کوڈو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں عظمیٰ بخاری نے جاوید کوڈو کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کے انتقال سے پاکستانی تھیٹر اور کامیڈی کی دنیا ایک بڑے فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔ جاوید کوڈو نے سوگواران میں بیوہ، دوبیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔