لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں اسرائیلی برانڈ ،غیر ملکی مشروبات اور مصنوعات کے استعمال پر مکمل پابندی عائدکردی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے بلاول بھٹو کو اپنا نوجوان چیئرمین منتخب کیا جس پر پارٹی اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرحیدر علی گیلانی، سینئر رہنماچودھری منظور اور پارٹی رہنمائوں نے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے ایران میں دہشت گردی کے واقعہ میں جاںبحق ہونے والے پاکستانیوں کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے کہا ایرانی حکومت سے مطالبہ ہے کہ دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا غزہ اور فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر ظلم دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، جب تک گورنر پنجاب ہوں گورنر ہائوس میں تمام غیر ملکی مشروبات اور منصوعات کے استعمال پر پابندی ہو گی، ایسی تمام اشیاء جس سے اسرائیل اور غیر مسلموں کو مالی فائدہ پہنچے بائیکاٹ کرنا ہوگا۔