مریم نوازکی نائب صدر ترکیہ سے ملاقات: معاشی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق

 معاشی امکانات، تجارت، تعلیم اور ہنر کی ترقی پر مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال ،جودت یلماز نے ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا
 ترکیہ پاکستان دو بھائی ہیں، وزیر اعلیٰ،نائب صدر ترکیہ کو پنجاب کے دورے کی دعوت، نواز شریف، شہبازشریف کی طرف سے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا
 انطالیہ(آئی این پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ترکیہ کے نائب صدر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ترکیہ میں ہونے والے ڈپلومیسی فورم 2025 میں سائیڈ لائنز پر نائب صدر جودت یلماز اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میں ملاقات ہوئی، جودت یلماز نے فورم میں شرکت پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ دلچسپی کے امور اور تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، جبکہ معاشی امکانات، تجارت، تعلیم اور ہنر کی ترقی پر مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا، مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے ہنر مند افرادی قوت اور گلوبل سکل میپنگ میں تعاون پر بات چیت کی، مریم نواز نے نائب صدر ترکیہ کو صوبہ پنجاب میں تعلیم اور ہنر کی ترقی کے اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔مریم نواز نے نائب صدر ترکیہ سے گفتگو میں کہا کہ ترکیہ پاکستان دو بھائی ہیں، اس موقع پر وزیر اعلی مریم نواز نے ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔وزیراعلیٰ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے ترکیہ کے نائب صدر کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔