تعلیم کے شعبے میں ترکیہ کیساتھ شراکت داری چاہتے ہیں: مریم نواز

دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں‘صدر رجب طیب اردگان کا جدید ترکیہ کا ویژن قابل تحسین ہے،پاکستانی ترکیہ اور عوام کیلئے بہت محبت رکھتے ہیں: وزیراعلی
وزیراعلی کا ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ ‘ گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد ‘پاکستانی بھائیوں کیلئے جو ممکن ہوا،ضرور کرینگے:ترکیہ وزیر تعلیم کی ملاقات میں گفتگو

ملتان(بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  تعلیم کے شعبے میں ترکیہ کے ساتھ شراکت داری چاہتے ہیں۔ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ترک وفد کوخوش آمدید کہتی ہوں، تعلیمی میدان میں ترکیہ کے تعاون کی مشکور ہوں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعقات ہیں، دونوں ممالک کے وقت گزرنے کے ساتھ تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔ رجب طیب اردوان پاکستان کے بہترین دوست ہیں،قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھ دیا، گرلز ہاسٹل میں رہائشی کمروں کی تعداد 119 ہوگی، گرلز ہاسٹل میں میس ہال، جمنزیم، تفریحی لاؤنج اور 5 دفاتر بھی ہوں گے۔ مریم نواز شریف نے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور مسٹ یونیورسٹی میں جدید گوگل کلاس رومز، ڈیجیٹل لائبریری کا بھی وزٹ کیا۔دریں اثناء  مریم نواز شریف سے ترکیہ کے وزیر تعلیم پروفیسر یوسف تیکن نے ملاقات کی۔ترکیہ کے وزیر تعلیم نے صدر رجب طیب اردگان کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام پیش کیا۔ ترکیہ کی شعبہ تعلیم میں بہتری کے لئے تعاون کی پیشکش کی۔نصاب تعلیم میں جدت میتھ اور دیگر سبجیکٹ میں ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیاگیا۔ترک وزیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ترکیہ کے دورے کی دعوت دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔ ترکیہ کے وزیر یوسف تیکن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیمی اصلاحات کے ایجنڈے کو سراہاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ صدر رجب طیب اردگان کا جدید ترکیہ کا ویژن قابل تحسین ہے۔ پاکستانی ترکیہ اور اس کے عوام کے لئے بہت محبت رکھتے ہیں۔ جدید نصاب تعلیم کی تشکیل نو کے لئے ترکیہ کے تجربات اور مشاہدات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے شعبہ تعلیم میں جاری ریفارمز اور پراجیکٹس سے آگاہ کیا۔ترکیہ وزیر تعلیم یوسف تیکن نے کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ صدر رجب طیب اردگان کی ہدایت پرپاکستانی بھائیوں کے لئے جو ممکن ہوا،ضرور کرینگے۔ترکیہ کی نئی نسل کو فکر اقبال سے متعارف کرا رہے ہیں -شعبہ تعلیم میں پنجاب کی معاونت کے لئے تیار ہیں -