امریکی ٹیرف پر پریشان ہیں مگر جوابی اقدام کا ارادہ نہیں:وزیرخزانہ

 ہم سب کو سوچنا ہوگا اس نیو ورلڈ آرڈر کیساتھ کیسے آگے بڑھیں، امریکا صرف تجارت میں نہیں دیگر شعبہ جات میں بھی پاکستان کا سٹریٹجک پارٹنر ہے
چین سے تعلقات بھی پاکستان کے لیے اہم، ہم ترقی کی طرف جانا چاہتے ہیں، بلوچستان اور اس کی سکیورٹی ہمارے لیے بہت اہم ہے،محمداورنگزیب 
 اسلام آباد (آئی این پی )وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف پر کسی بھی قسم کا جواب دینے کا ارادہ نہیں رکھتا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وہ نئی امریکی انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف پر پریشان ضرور ہیں کہ غیریقینی کی صورتحال ہے اور ہم سب کو سوچنا ہوگا کہ اس نیو ورلڈ آرڈر کے ساتھ کیسے آگے بڑھیں، میرے خیال میں اس معاملے پر ہمیں بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایک طویل عرصے سے پاکستان کا سٹریٹجک پارٹنر ہے صرف تجارت میں نہیں بل کہ دیگر شعبہ جات میں بھی۔ چین سے تعلقات بھی ہمارے لیے اہم ہیں۔ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم ترقی کی طرف جانا چاہتے ہیں۔ بلوچستان اور اس کی سکیورٹی ہمارے لیے بہت اہم ہے کیوں کہ معدنیات پر ہونے والی گفتگو کے دوران یہ معاملہ گیم چینجر ہوگا۔