رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں بنگلا دلکشا کے قریب نبی شاہ کے مقام پر زمیندارہ بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی پانی دیہات میں داخل ہو چکا ہے، اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور بستیاں زیر آب آگئیں۔ متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی ڈوب گئی ہیں، جس کے باعث مقامی لوگ گھروں میں محصور ہیں اور باہر نکلنے سے قاصر ہیں۔ضلع انتظامیہ نے واضح کیا کہ حفاظتی بند محفوظ ہے اور پانی صرف کچے کے علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، تاہم چاچڑاں میں سیکڑوں مکانات دریا برد ہو گئے ہیں اور بستیاں مکمل طور پر زیر آب آ گئی ہیں۔
مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ حکام نے سیلاب زدگان کو ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔