ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی تغیرات اور بارشوں نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
ایک طرف شہری علاقوں میں بارش اور گرمی کی ملی جلی کیفیت ہے تو دوسری جانب دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد سیلابی صورتحال نے دیہی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہری علاقے
شہر کے اُفق پر بادلوں کا بسیرا ہے، اور سورج و بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے اور بارش کے امکانات 20 فیصد تک ہیں۔ادھر راولپنڈی، اسلام آباد اور چکوال سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث نشیبی بستیاں زیرِ آب آ گئیں۔
چکوال میں 450 ملی میٹر
راولپنڈی و اسلام آباد میں 240 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،جس کے باعث ندی نالے بپھر گئے اور گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ان بارشوں کے نتیجے میں پنجاب بھر میں مختلف حادثات میں 55 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں کرنٹ لگنے، چھتیں گرنے اور پانی میں بہہ جانے کے واقعات شامل ہیں۔
سیہون میں سیلابی صورتحال
دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث سیلابی پانی نے تحصیل سیہون کی تین یونین کونسلوں کو متاثر کیا ہے۔بلاول پور، جھنڈیانی، واهن، ماہی اوٹھو، ماہی سہتا سمیت کئی دیہاتوں کے اطراف پانی پھیل چکا ہے۔30 سے زائد دیہات کا سیہون اور بھان سیدآباد سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جس کے بعد لوگ نجی کشتیوں کے ذریعے نقل و حرکت کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی، خوراک اور طبی سہولیات کی کمی کی اطلاعات ہیں۔محکمہ آبپاشی کے مطابق آئندہ چند روز میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ایل ایس حفاظتی بند پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور بندوں کی کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے۔
آئندہ بارشوں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ:سندھ میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو دادو سے آغاز لے گا۔کراچی میں کل سے بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی آئندہ دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔