نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل قطر روانہ ہوں گے اور دوحہ میں اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قطر پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔نائب وزیراعظم اپنے خطاب میں قطر کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی اور حمایت کا اعلان کریں گے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی جائے گی اور مسلم و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر غور کریں گے۔ اس اجلاس میں غزہ پر جاری اسرائیلی اور صیہونی ظلم و ستم پر بھی تفصیلی بات کی جائے گی۔دریں اثنا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے بھی پرسوں دوحہ میں ہونے والے عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کا امکان ہے۔