مظاہرین کی مطالبات پورے نہ ہونے پر سول لائنز روڈ بلاک کرنیکی دھمکی
لاہور(خبر نگار)لاہور میں گورنمنٹ مسلم ہائی سکول نمبر 2 سول لائنز میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی معطل ہے۔ بجلی کی بندش سے تنگ آکر اساتذہ اور طلبا نے بھاٹی گرڈ سٹیشن کے باہر لیسکو کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبات پورے نہ ہونے پر سول لائنز روڈ بلاک کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ مسلم ہائی سکول نمبر 2 سول لائنز میں سات روز سے بجلی غائب ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی نے تعلیمی ماحول کو شدید متاثر کیا ہے۔ طلبا کا کہنا ہے کہ بجلی کے بغیر پڑھائی ممکن نہیں جبکہ پانی کی سپلائی بھی بند ہے جس سے مشکلات دوگنی ہوگئی ہیں۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ لیسکو حکام کو بارہا شکایات درج کرائی گئیں مگر شنوائی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی نہ آنے سے کلاسز کا نظام درہم برہم ہے اور بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے، سات دن سے بجلی نہیں ہے، پڑھائی بالکل متاثر ہو رہی ہے۔پانی بھی بند ہے، کلاسز لینا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ہم نے کئی بار لیسکو کو اطلاع دی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔