اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ملک بھر کی یونیورسٹیوں سے اعلی تعلیم کے حصول کیلئے امریکہ جانے والے طلبا کے لئے مختص 1ارب 22کروڑ روپے طلبا کو نہ مل سکے۔وزارت خارجہ نے ذمہ داری ہائیر ایجوکیشن کمیشن پر ڈال دی۔آڈیٹر جنرل نے ذمہ داری کا تعین کرنے کی سفارش کردی ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کے پاس ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اوورسیز اسکالرشپ پروگرام کے ایک ارب 22 کروڑ 72 لاکھ 83 ہزار روپے سے زائد کے فنڈز غیر ضروری طور پر موجود رہے، جبکہ ان فنڈز کے استعمال اور طلبہ کی تفصیلات کا مکمل ریکارڈ بھی آڈٹ کو فراہم نہیں کیا جاسکا۔آڈٹ بریف کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے آڈٹ میں انکشاف ہوا کہ جون 2024 میں ایچ ای سی کے بیرون ملک اسکالرشپ پروگرام کے تحت سفارتخانے کے اکانٹ میں 44 لاکھ 5 ہزار 968 امریکی ڈالر اور 54 سینٹ کی رقم موجود تھی، جبکہ جون 2024 کے آغاز پر اکاؤنٹ میں 6 لاکھ 15 ہزار 24 ڈالر اور 86 سینٹ موجود تھے۔رپورٹ کے مطابق جون 2024 کے دوران سفارتخانے نے ایچ ای سی کے اسکالرشپس کی مد میں ایک لاکھ 53 ہزار 301 ڈالر ادا کیے۔ سفارتخانے کو ایچ ای سی اسلام آباد سے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کے وظائف اور ہیلتھ انشورنس کی ادائیگی کے لیے باقاعدگی سے رقوم موصول ہوتی ہیں۔آڈٹ حکام نے نشاندہی کی کہ 30 جون 2024 تک سفارتخانے کے اکانٹ میں بھاری رقم موجود تھی، تاہم امریکا میں داخلہ لینے والے، تعلیم مکمل کرنے والے اور ڈگری حاصل کرکے واپس آنے والے طلبہ کی فہرست اور مکمل تفصیلات ریکارڈ پر دستیاب نہیں تھیں۔ آڈٹ نے سوال اٹھایا کہ اتنی بڑی رقم اکانٹ میں کیوں موجود رکھی گئی اور اس کے برقرار رکھنے کی کیا ضرورت تھی۔آڈٹ اعتراض پر 7 نومبر 2024 کو ایگزٹ میٹنگ میں معاملہ انتظامیہ کے سامنے اٹھایا گیا، جس پر انتظامیہ نے مقف اختیار کیا کہ متعلقہ معاملہ پالیسی فیصلے کے لیے ایچ ای سی کے ساتھ زیر بحث ہے۔حکام نے بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے سکالر شپ والے طلبا کی لسٹ بھی فراہم نہیں کی تھی۔آڈٹ نے سفارش کی کہ معاملہ متعلقہ فریقوں کے سامنے رکھ کر فنڈز کے مناسب استعمال سے متعلق پالیسی فیصلہ کیا جائے، جبکہ امریکا میں زیر تعلیم اور ڈگری مکمل کرنے والے طلبہ کی مکمل فہرست اور تفصیلات بھی آڈٹ کو فراہم کی جائیں۔ڈی اے سی نے 13 اگست 2025 کو وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ سفارتخانے سے اسکالرشپس، اکانٹس، فنڈز کی تفصیلات اور مختلف یونیورسٹیوں کو ادا کی گئی رقوم کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا جائے۔ 9 جون 2026 کو ڈی اے سی نے ہدایت کی کہ ایچ ای سی کی جانب سے فراہم کردہ اور سفارتخانے کے پاس موجود فنڈز کی عدم ادائیگی سے متعلق مکمل ریکارڈ حاصل کرکے آڈٹ سے اس کی تصدیق کرائی جائے۔