پشاور:اساتذہ کا احتجاج چوتھے روزبھی جاری، ہزاروں سکول بند

 احتجاجی اساتذہ کو قابو کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب ،معطلی کیلئے پرفارما تیار کرلیا گیا
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں اساتذہ کا احتجاج چوتھے روز میں داخل ہو گیا، اساتذہ کی جانب سے جمعہ کو بھی صوبے کے تمام پرائمری سکول بند رکھے گئے ۔اساتذہ کی جانب جناح پارک کے سامنے دھرنا جاری ہے۔مظاہر ین کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے احتجاج ختم کرنے والے نہیں، اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا اعلامیہ جاری ہونے پر ہی احتجاج ختم کریں گے۔دوسری جانب احتجاجی اساتذہ کو قابو کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، احتجاج میں شریک اساتذہ کو معطل کرنے کے لیے پرفارما تیار کیا گیا ہے، اساتذہ معطلی کے حکمنامے کا مسودہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔مسودے کے مطابق اساتذہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، مسودے کے ساتھ چارج شیٹ اور شکایات علیحدہ سے بھیجی جائیں گی۔ادھر محکمہ تعلیم زنانہ نے اساتذہ کو معطل کرنے کا پرفارما جاری کر دیا، محکمہ تعلیم کی ہدایت کے مطابق اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔