منظور شدہ لوڈ سے زائد بجلی کے استعمال کا انکشاف، کمپنی نے صارفین کو نوٹسز جاری کرنا شروع کر دیے : ذرائع
لاہور(خصوصی رپورٹ)لیسکو نے سنگل فیز میٹرز استعمال کرنے والے صارفین کی جانب سے منظور شدہ لوڈ سے زائد بجلی کے استعمال کا انکشاف کیا ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو نے جدید سافٹ ویئر کے ذریعے صارفین کے میٹرز کا ایم ڈی آئی (ماہانہ زیادہ سے زیادہ طلب) ریکارڈ حاصل کیا ہے، جس سے یہ پتہ چلا ہے کہ متعدد صارفین اپنے منظور شدہ لوڈ سے کہیں زیادہ بجلی استعمال کر رہے ہیں۔لیسکو کے مطابق سنگل فیز میٹرز کو ایک سے دو کلو واٹ لوڈ پر کنکشن دیا جاتا ہے تاہم متعدد صارفین اصل معاہدے سے تجاوز کرتے ہوئے زائد بجلی کا استعمال کر رہے ہیں، جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ریڈنگ سیکشن نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام متعلقہ ڈیٹا اکٹھا کیا ہے جس کے بعد کمپنی نے ایسے صارفین کو نوٹسز جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ان نوٹسز کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ انہیں اضافی استعمال شدہ لوڈ کی بنیاد پر ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جائے گا۔