مائنس ون فارمولا نہیں چل سکتا: بیرسٹر گوہر

عمران ہی پارٹی چلا رہے ہیں، میں ان کا نمائندہ ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی 
قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے، پریس کانفرنس
سرگودھا، حافظ آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ مائنس ون فارمولا نہیں چل سکتا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بانی ہی پارٹی چلا رہے ہیں، میں ان کا نمائندہ ہوں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہر فیصلہ بانی کی مشاورت سے کیا، کرتے رہیں گے، بانی پی ٹی آئی پاکستان میں جمہوریت کی بقا کیلئے کوشاں ہیں، سختیوں سے ملک کو مزید نقصان ہوگا، سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہئے۔ پنجاب سیلاب سے شدید متاثر ہوا، متاثرین کی بحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔حافظ آباد میں سیلاب سے متاثرہ دیہات میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایک ہونا ضروری ہے۔یہ سیاست کا وقت نہیں، مصیبت کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد اہم ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلیے بھی نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں سے مطمئن نہیں، اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد کے لیے عوام کو نکلنا ہوگا۔اْن کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت پر سختیاں بند کی جائیں، 3 سال سے ہم سختیاں برداشت کر رہے ہیں، میں بانی پی ٹی آئی کے نمائندے کی حیثیت سے آیا ہوں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہاکہ لوگ مجھ پر بیشک تنقید کریں مجھے اس کی کوئی پروا نہیں۔