قطر پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد خطے کی صورتحال پر امریکہ اور قطر کے درمیان اہم سفارتی روابط تیز ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ یہ ملاقات اسرائیلی حملے کے بعد دونوں رہنماؤں کی پہلی براہِ راست ملاقات تھی۔عشائیے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو، صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور وائٹ ہاؤس کے دیگر اعلیٰ مشیران بھی شریک تھے۔ وائٹ ہاؤس نے اس ملاقات کی تصدیق کی تاہم تفصیلات عام نہیں کیں۔
اس سے قبل قطری وزیراعظم نے جمعے کو وائٹ ہاؤس میں نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کے ساتھ ایک گھنٹے طویل ملاقات بھی کی تھی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، اسرائیلی حملے کے اثرات اور ممکنہ ردعمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق قطر اور امریکہ کے درمیان یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور خطے میں طاقت کے توازن کے حوالے سے بڑے فیصلے متوقع ہیں۔