واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور فی الحال مشرقِ وسطیٰ میں دوبارہ فوجی کارروائی کا امکان انتہائی کم دکھائی دیتا ہے، تاہم امریکا کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں ایران کے ساتھ جاری کشیدگی، جنگ کے خاتمے کے امکانات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں قطری وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کو انتہائی اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران سمیت متعدد اہم معاملات پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور موجودہ صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر متعلقہ ممالک موجودہ حکمت عملی جاری رکھنے کے حامی ہیں۔ ان کے مطابق ان ممالک کی ترجیح ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی اور نئے فوجی آپریشن ’’آئرن گیٹ‘‘ کو جاری رکھنا ہے، جس میں زمینی اور سمندری دونوں محاذ شامل ہیں۔ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے نزدیک ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خدشات دور کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں کوئی غیر متوقع تبدیلی آئی یا ایران کی جانب سے کوئی خطرہ سامنے آیا تو امریکا کارروائی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ سفارتی پیش رفت کے باعث دوبارہ فوجی کارروائی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک ایران کے خطرات سے محفوظ ہیں۔ ان کے بقول جنگ کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت جاری ہے اور امریکی انتظامیہ اپنے قومی مفادات اور علاقائی اتحادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔دوسری جانب قطر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ قطری وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات کو بھی اسی سفارتی کوشش کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں مزید فوجی تصادم کو روکنا اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل تلاش کرنا ہے۔
تاہم ٹرمپ کے بیان کے باوجود ایران اور امریکا کے درمیان کسی حتمی معاہدے یا جنگ کے خاتمے کی باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اسی طرح خلیجی ممالک کی جانب سے امریکی بحری ناکہ بندی اور آپریشن آئرن گیٹ کی حمایت سے متعلق امریکی صدر کے دعوے کی بھی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔