برطانیہ میں دفاعی صنعتوں کی بین الاقوامی نمائش ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی ایکوپمنٹ انٹرنیشنل (DSEI) 2025 رواں ماہ 9 سے 12 ستمبر تک جاری رہی، جس میں دنیا کے 90 سے زائد ممالک کی دفاعی صنعتوں نے حصہ لیا۔
اس عالمی نمائش میں پاکستان کی شمولیت کو نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی۔پاکستان کی جانب سے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT)، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) واہ اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) نے جدید آلات اور دفاعی مصنوعات کی نمائش کی۔ پاکستانی پویلین کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے دفاعی وفود، فوجی افسران اور نمائش کنندگان بڑی تعداد میں آئے اور پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔پاکستانی ہائی کمشنر نے بھی مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دنیا نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران دیکھا کہ پاکستان نے مقامی سطح پر اپنی دفاعی تکنیکی اور فوجی صلاحیت کو ثابت کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور خود انحصاری پر فخر ہے۔
نمائش میں ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ اسٹاف اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) بھی شریک تھے۔ متعدد غیر ملکی فرموں نے پاکستانی دفاعی مصنوعات اور قابلِ اعتماد ٹیکنالوجیز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی دفاعی برتری اور پروفیشنلزم کو منوایا ہے۔ عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان کی بھرپور شمولیت نہ صرف خود انحصاری پر مبنی ٹیکنالوجی کی کامیابی ہے بلکہ یہ ملکی دفاعی صنعت کے روشن مستقبل کی عکاسی بھی کرتی ہے۔