ایم اے جناح روڈ دھماکا: پٹاخہ گودام مالکان کے خلاف 5 کروڑ سے زائد ہرجانے کا دعویٰ

ایم اے جناح روڈ دھماکا: پٹاخہ گودام مالکان کے خلاف 5 کروڑ سے زائد ہرجانے کا دعویٰ

کراچی کی سٹی کورٹ میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی والدہ نے گودام اور فیکٹری مالکان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔

درخواست گزار کی جانب سے دائر دعوے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 21 اگست کو ایم اے جناح روڈ پر قائم غیر قانونی پٹاخوں کے گودام میں دھماکا ہوا جس کے باعث 16 سالہ سید اسد شاہ جاں بحق جبکہ دوسرا نوجوان سید اظفر شاہ شدید زخمی ہوا۔درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ یہ واقعہ فیکٹری اور گودام مالکان کی سنگین غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے مقدمے کا اندراج ہونے کے باوجود تاحال گودام منتقل یا بند نہیں کیا گیا، جس سے مزید جان لیوا حادثات کا خطرہ موجود ہے۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کو جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت ذمہ دار ٹھہرایا جائے اور متاثرہ خاندان کو ہرجانے کی مد میں 5 کروڑ 37 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔واقعے کے بعد متاثرہ خاندان اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھی غیر قانونی گوداموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔