کچی آبادیوں اور دیگر تجاوزات کے باعث ادارے کو 18 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا
ملازمین کی پنشن کے معاملات میں 5 ارب روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئیں:آڈٹ رپورٹ
لاہور (آئی این پی ) پاکستان ریلویز میں مالی بے ضابطگیوں، غبن اور کرپشن کے انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ آڈٹ رپورٹس اور دستیاب دستاویزات کے حوالے سے نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ادارے میں 30.75 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں جس سے پہلے سے خسارے کا شکار ریلوے کو مزید مالی بدحالی کی طرف چلاگیا ۔ریلوے انوینٹری، اسٹور اور ٹرانسفر کی عدم ایڈجسٹمنٹ میں 30.75 ارب روپے کی مالی بے قاعدگیاں رپورٹ ہوئیں جبکہ آمدن کی وصولی کی بنیاد پر مزید 17 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں بھی سامنے آئیں۔ پنجاب میں ریلوے کی زمینوں پر کچی آبادیوں اور دیگر تجاوزات کے باعث ادارے کو 18 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ اس وقت ریلوے کی 20,830 ایکڑ زمین تاحال غیر انتقال شدہ ہے۔ ریلوے کے ایندھن کے غلط اور غیر ضروری استعمال سے ساڑھے 5 ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے معاملات میں 5 ارب روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئیں۔علاوہ ازیں، کنٹریکٹرز کے ساتھ 80 کروڑ روپے سے زائد کے غیر تصدیق شدہ معاہدوں کا بھی انکشاف ہوا۔ ریسالپور لوکوموٹو فیکٹری کے کم استعمال کے باعث ادارے کو 40 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔