لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی خواتین کی معاشی ترقی اور خودمختاری کے پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت مزید مستحق خواتین کو مفت گائے اور بھینسیں فراہم کی جائیں گی۔
پروگرام کا مقصد دیہی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا، ان کے لیے آمدن کے مستقل ذرائع پیدا کرنا اور انہیں اپنے خاندانوں کی کفالت کے قابل بنانا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے خواتین کو معاشی مشکلات سے نکلنے اور اپنے روزگار کے مواقع بہتر بنانے میں مدد فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ لائیوسٹاک کو پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے ضروری تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ مستحق خواتین تک مویشیوں کی فراہمی کا عمل جلد آگے بڑھایا جا سکے۔ دوسرے مرحلے میں مزید خواتین کو اس سہولت سے مستفید کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 11 ہزار مستحق دیہی خواتین کو مفت گائے اور بھینسیں فراہم کی گئیں۔ اس مرحلے میں بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کو خصوصی ترجیح دی گئی، تاکہ انہیں مالی مشکلات پر قابو پانے اور اپنے بچوں سمیت خاندان کے دیگر افراد کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکے۔
ابتدائی طور پر پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت 4 ہزار 870 مویشی تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم اس کے تحت مجموعی طور پر 11 ہزار مستحق خواتین میں مویشی تقسیم کیے گئے۔پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری کو دیہی خواتین کی معاشی بہتری اور خودانحصاری کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ مویشیوں کی فراہمی سے خواتین کو دودھ کی پیداوار اور اس کی فروخت کے ذریعے آمدن حاصل کرنے کے مواقع میسر آسکتے ہیں، جس سے ان کے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔