فرانس میں پولیس نے مڈل اسکول کے پرنسپل اور ایک ٹیچر پر فائرنگ کرنے کے شبے میں 14 سالہ طالب علم کو حراست میں لے لیا۔
فائرنگ کے واقعے میں دونوں زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم نے پستول گٹار کے کیس میں چھپا رکھا تھا۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق واقعہ اوبگن کے علاقے میں واقع جوزف لکانال مڈل اسکول میں پیش آیا۔استغاثہ نے بتایا کہ طالب علم اسکول کی دو منزلوں پر گھومتا رہا اور اس دوران متعدد گولیاں چلائیں۔ اسکول کے عملے کے ایک رکن نے مداخلت کرتے ہوئے لڑکے کو غیر مسلح کردیا، جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اسکول کے پرنسپل اور ایک ٹیچر زخمی ہوئے۔ واقعے کے محرکات اور دیگر تفصیلات سے متعلق مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔واضح رہے کہ اوبگن کا علاقہ فرانس کے بحیرۂ روم کے ساحلی شہر مارسیل سے تقریباً 15 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔