دوہرے قتل میں مطلوب اشتہاری خیبر پختونخوا سے گرفتار

 ڈیڑھ سال قبل دو افراد کے قتل کے بعد روپوش ملزم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پکڑا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے دوہرے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم تھانہ شفیق آباد کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا اور تقریباً ڈیڑھ سال قبل فائرنگ کرکے محمد موسیٰ اور علی رضا کو قتل کرنے کے بعد خیبر پختونخوا میں روپوش ہو گیا تھا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن فرحت عباس کی سربراہی میں پولیس ٹیم کو خصوصی ٹاسک دیا تھا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شفیق آباد حسن زاہد نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق ملزم کو پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کے ذریعے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈائون جاری رہے گا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔