نعمان ، فاطمہ سرور ،عائزہ نے لائبہ سے93لاکھ لیے، جعلی سکالرشپ لیٹر دیئے
بیٹی کی بلیو ایریا میں نعمان سے ملاقات ، ملزم نے خود کو اعلیٰ افسر ، ویزا کی یقین دہانی کرائی،والد
امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کا خواب فراڈ ثابت ہونے پر لائبہ نے پھندا ڈال کر خودکشی کی تھی
اسلا م آباد (آئی این پی )فراڈ سے دلبرداشتہ ہو کر اسلام آباد میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دینے والے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزمان میں نعمان ، فاطمہ سرور اور عائزہ شامل ہیں۔ بیٹی کی بلیو ایریا میں نعمان نامی ایجنٹ سے ملاقات ہوئی تھی، ملزم نے خود کو ایک اعلیٰ افسر ظاہر کیا اور لائبہ کو امریکا اسٹڈی ویزا پر بھجوانے کی یقین دہانی کرائی،والد نے بیان ریکارڈ درج کر دیا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے امریکی ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے نام پر مبینہ خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے لیے، لائبہ کو جعلی سکالرشپ ، یونیورسٹی کے آفر لیٹرز اور فیس کی رسیدیں بھی دی گئیں۔امریکا میں اعلی تعلیم اور اسکالر شپ کا خواب فراڈ ثابت ہونے پر شدید مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنے والی لائبہ نے 9 اکتوبر کو مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی تھی۔دوسری جانب پولیس اور ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور فراڈ میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے امکان پر تفتیش جاری ہے۔