ملزم نے 3 افراد کا کردار ادا کیا، لائبہ کے ہر سوال کا جواب چیٹ جی پی ٹی سے پوچھتا تھا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)اسلام آباد میں گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کی تفتیشی ٹیم کو موصول ہوگئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لائبہ کی موت پھندا لگنے کے باعث ہوئی، مزید تحقیقات کے لیے نمونیفرانزک کے لیے لیب بھیجے گئے ہیں، حتمی رپورٹ فرانزک ٹیسٹ کے بعد مرتب کی جائے گی۔خیال رہے کہ گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں پولیس نے تفتیش آگے بڑھانے کے لیے مقدمے کی بند ایف آئی آر دوبارہ کھول دی تھی۔مقدمہ لائبہ کے والد کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322 اور 34 کے تحت درج کیا گیا ہے، پولیس نے والد کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا۔لائبہ کے والد نے الزام عائد کیا کہ نعمان نامی شخص نے ان کی بیٹی کو تعلیمی ویزے پر امریکا بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کیے اور بعد ازاں رابطہ منقطع کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق طالبہ کو دھوکا دینے کے لیے ملزم نعمان نے چیٹ جی پی ٹی کا سہارا لیا، ملزم نے 3 اکاؤنٹ بنا کر 3 افراد کا کردار خود ہی ادا کیا، لائبہ کے ہر سوال کا جواب ملزم چیٹ جی پی ٹی سے پوچھتا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مرکزی ملزم نعمان سے ابتدائی تحقیقات مکمل کر لیں، ملزم کا پہلا رابطہ مارچ 2023ء میں ہوا جب لائبہ نے انشورنس کمپنی میں انٹرن شپ اپلائی کی، ملزم نعمان 2022ء تک 15 سال اینٹی کرپشن کا ملازم تھا، جو غیر حاضری پر نکالا گیا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم نعمان بطور مینجر مختلف انشورنس کمپنیوں میں کام کرتا رہا، ملزم نعمان نے 2025ء میں بلیو ایریا میں ایک انشورنس کمپنی جوائن کی، اس کو اسٹاف کی ضرورت تھی، اس نے لائبہ سے رابطہ کیا، لائبہ نعمان سے ملی لیکن ٹیوشن پڑھانے کی وجہ سے آفس جوائن نہیں کرسکی، ملزم نے بعد میں ٹک شاپ ایڈورٹائزنگ کے لیے لائبہ، اس کی بہن اور والدہ کو رکھ لیا۔عائزہ نامی لڑکی ٹک شاپ مینج کر کے لائبہ، اس کی بہن اور والدہ کو دیتی تھی، عائزہ کا بھائی امریکہ میں تھا، لائبہ نے نعمان سے امریکہ کے ویزے کے لیے عائزہ کی مدد مانگی، نعمان نے لائبہ کو کہا کہ وہ امریکا کا ویزا عائزہ کے بھائی کے ذریعے دلوا دے گا، نعمان نے عائزہ بن کر ایک اور اکاؤنٹ بنایا اور لائبہ سے بات کرنا شروع کی، ملزم نے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے عائزہ اور اس کے بھائی کا کردار ادا کیا۔