2025 کے مقابلے میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ کے تخمینے میں 0.1 فیصد کمی کی گئی
امریکی ٹیرف میں اضافے سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہونے ‘ کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافے کا خدشہ ہے
اسلام آباد(آئی این پی )عالمی بینک نے پاکستان کی رواں مالی سال معاشی شرحِ نمو 3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے اورجون 2025 کے مقابلے میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ کے تخمینے میں 0.1 فیصد کمی کر دی ہے۔عالمی بینک کی عالمی معاشی امکانات سے متعلق تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرحِ نمو کے تخمینے میں 0.1 فیصد کمی کی گئی ہے جس کے بعد موجودہ مالی سال میں معاشی شرحِ نمو 3 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اس سے قبل حکومتی سطح پر اقتصادی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 3.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔عالمی بینک کے مطابق حالیہ سیلاب کے بعد زرعی شعبے کی بحالی سے معیشت کو سہارا ملنے کی توقع ہے جبکہ تعمیرِ نو اور بحالی کے منصوبوں سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آ سکتی ہے