طیارے کو تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا:ترجمان پاک فوج‘وزیراعظم کا اظہار افسوس
کوئٹہ(آئی این پی)کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوکر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں 2 پائلٹس شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پیر کو 12 اکتوبر 2026 کو دوپہر کے وقت پاکستان آرمی ایوی ایشن کا مشاق تربیتی طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق طیارے کو تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔ طیارے میں سوار دونوں پائلٹس شہید ہوگئے، جن میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیر تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شامل ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔