فلائٹ لیفٹیننٹ قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طحہ عباسی شہید ہوگئے‘حادثے کی تحقیقات کیلئے بورڈ قائم
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا اظہار افسوس‘افسروں کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی:عسکری قیادت
راولپنڈی: پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طحہ عباسی شہید ہوگئے۔ افسوسناک حادثے پر مسلح افواج کی قیادت اور اعلیٰ حکام نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی مشن کے دوران پیش آنے والے حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ اسباب کا درست تعین کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام نے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عسکری قیادت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل اور شہداء کے بلند درجات کی دعا کی۔بیان میں کہا گیا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر افسران قوم کا فخر ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے‘انہوں نے کہا وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر سپوت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔