لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرگودھا کے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور الیکٹرو بس سروس سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن شریک تھے۔ارکانِ اسمبلی نے سرگودھا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ سرگودھا میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا اور ارکانِ اسمبلی کو ’’مثالی گاؤں‘‘، ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ اور صاف پانی کے منصوبوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی۔ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔ ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوامی ردِعمل سے آگاہ کیا۔
ارکانِ اسمبلی کے مطابق بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہیوال کے روٹس پر الیکٹرو بس سروس سے روزانہ ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام ایک ناقابلِ فراموش اقدام ہے۔ارکانِ اسمبلی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں کو پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی سراہا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرو بسوں میں بالخصوص بچوں اور خواتین کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر انہیں دلی اطمینان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا سمیت پنجاب کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر حصے میں بلاامتیاز ترقی مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا وژن ہے۔