نرسنگ شعبہ براہ راست دکھی انسانیت کی خدمت سے وابستہ ہے:پرنسپل
لاہور(خصوصی رپورٹ)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میڈیکل کی تاریخ میں پہلی بار چار سالہ بی ایس این (جنرک) پروگرام کی فریش گریجویٹس کے لیے ایک سالہ پیڈ انٹرن شپ کا آغاز کر کے شعبہ نرسنگ میں ایک روشن باب کا اضافہ کردیا۔پرنسپل نے اسلامی تاریخ میں نرسنگ کے آغاز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غزوہ احد میں زخمیوں کی مرہم پٹی کرنے والی خواتین نرسنگ کے پیشے کی اولین مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا پیشہ دراصل اسلامی تہذیب کی ان روایات سے جڑا ہوا ہے جن کی بنیاد خدمت، ہمدردی اور خلوص پر رکھی گئی ہے۔ جنرل ہسپتال میں نرسنگ انٹرن شپ پروگرام کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاروق افضل نے کہا کہ یہ اقدام نرسنگ کے شعبے کی پیشہ ورانہ ترقی، مریضوں کو معیاری نگہداشت کی فراہمی اور نرسز کو مالی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ نرسنگ ایسا شعبہ ہے جو براہ راست دکھی انسانیت کی خدمت سے وابستہ ہے۔