رحیم یار خان سے لاش پولیس کی نگرانی میں لاہور منتقل کی گئی
نماز جنازہ میں رشتہ داروں، دوست احباب اور دیگر کی شرکت
لاہور،رحیم یارخان(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)رحیم یارخان میں مبینہ مقابلے میں مارے جانیوالے خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس کی نگرانی میں لاہورمنتقل، تدفین کیلئے ورثا کیسپرد، نماز جنازہ ادا، نصیرآباد کے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ شب امیربالاج ٹیپوقتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ رحیم یار خان میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا اور اس کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کی گئی تھی جہاں سے گزشتہ روز پوسٹ مارٹم کے بعد لاش پولیس کی نگرانی میں لاہور لائی گئی جسے متوفی کے بیٹے تعظیم بٹ نے وصول کر لیا۔ بعدازاں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی جس میں مرحوم کے رشتہ داروں، دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی،مرحوم کو نصیر آباد کے مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔دوسری جانب طیفی بٹ پولیس مقابلیکامقدمہ تھانہ سی سی ڈی رحیم یارخان میں درج کرلیا گیا،مقدمہ ایس ایچ او سی سی ڈی جبران جیرالڈ کی مدعیت میں درج کیاگیا۔