پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 343 آپریشن ، ناجائز اسلحہ برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 343 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 9 ہزار 745 مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی جبکہ 32 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح 25 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے دوران 2 ہزار 730 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 281 اشتہاری، 66 عدالتی مفرور اور 32 عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ جرائم پیشہ افراد سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ ترجمان کے مطابق آپریشنز کے دوران 3 مجرمان ہلاک، 4 زخمی اور 3 کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ملک دشمن و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے۔