سہیل آفریدی کو وزیراعلی منتخب کروانا مشکل نظر آتا ہے،پی ٹی آئی میں دو تین دھڑے ہیں
ان میں کچھ پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دینا چاہتے،صورتحال گھمبیر ،صوبہ مسائلستان بنا ہوا ہے
اسلام آباد (آئی این پی )رہنماجے یوآئی (ف) اسلم غوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں ایک ایسے آدمی کو لا رہی ہے جو کم عمر اور تجربہ کار بھی نہیں ہے، امن وامان کے حوالے سے خیبرپختونخواہ کی صورتحال گھمبیر ہے بلکہ صوبہ مسائلستان بنا ہوا ہے۔ ہم سب کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی کو وزیراعلی کیلئے سنجیدہ بندہ لانا چاہئے، اگر تجربہ کار سنجیدہ بندہ نہ ہوا تو صوبہ اسی طرح انتشار کا شکار رہے گا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسد قیصر اور وفد نے حمایت مانگی ہے لیکن ہم ابھی دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر ہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، گورنر نے مولانا کو صوبے کی صورتحال بتائی، گورنر نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں کتنا انتشار اور اختلاف موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کیلئے سہیل آفریدی کو وزیراعلی منتخب کروانا مشکل نظر آتا ہے،پی ٹی آئی میں دو تین دھڑے ہیں،ان میں کچھ پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دینا چاہتے، ایک دھڑا کہتا ہمارے پاس 20نمبرز ہیں ، دوسرا کہتا 35لوگ ہیں۔ اگر پی ٹی آئی اپنا بندہ نہیں لاتی تو اپوزیشن بندہ لائے گی۔ کرپشن کے معاملے پر پی ٹی آئی کے اندر بہت بڑے مسائل ہیں، پی ٹی آئی کہتی ہے 92ووٹ ملیں گے لیکن ہمیں ایسا نظر نہیں آرہا۔