ہر شہری کیلئے انصاف تک مساوی رسائی یقینی بنائی جائے، چیف جسٹس پاکستان

 ٹیکنالوجی کی مدد سے عدالتی نظام میں شفافیت اور سائلین کی سہولت کیلئے پرعزم ہیں،
چیف جسٹس یحیی آفریدی اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ محمد ابراہین خان کااپر چترال کا دورہ 
چترال(آئی این پی )چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ ہر شہری کیلئے انصاف تک مساوی رسائی یقینی بنائی جائے، ٹیکنالوجی کی مدد سے عدالتی نظام میں شفافیت اور سائلین کی سہولت کیلئے پرعزم ہیں۔چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ محمد ابراہین خان نے اپر چترال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بونی میں ورچوئل کورٹ کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے کہا کہ ورچوئل کورٹ کے قیام کا مقصد سائلین کو سہولت فراہم کرنا ہے، انصاف کی فراہمی کیلئے بینچ، بار میں احترام اور ہم آہنگی نہایت ضروری ہے۔جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے عدالتی نظام میں شفافیت اور سائلین کی سہولت کیلئے پرعزم ہیں، عدالتی اصلاحات کا مقصد کارکردگی بہتر اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے، دور دراز علاقوں میں تعینات عدالتی افسران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کیلئے انصاف تک مساوی رسائی یقینی بنائی جائے، پاکستان کے پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں عدالتی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا، اپر چترال ضلعی عدالیہ کی جانب سے عوام کے اعتماد کو قائم رکھنے پر سراہتے ہیں۔