توانائی کے شعبے سے متعلق غلط یا نامکمل اعداد و شمار پر مبنی خبروں کا خاتمہ ہو سکے گا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے انرجی سیکٹر کے ڈیٹا تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔وفاقی وزیر نے عوام، ریسرچرز، انرجی سیکٹر کے ماہرین اور طلبہ کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے انرجی سیکٹر ڈیٹا تک سب کی رسائی ممکن بنانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ مستند اور درست ڈیٹا تک عوامی رسائی سے متعلقہ فریقین کو پاور سیکٹر کی بہتری کے لیے تعمیری اور بامعنی تجاویز پیش کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے شواہد پر مبنی مباحث اور مثر اصلاحات کیلئے ڈیٹا کی شفافیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام افراد کے لئے ڈیٹا کی آسان دستیابی سے جوابدہی میں اضافہ ہوگا اور پاور سیکٹر پر عوامی اعتماد مضبوط ہوگا۔وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے قیاس آرائیوں، غلط معلومات اور توانائی کے شعبے سے متعلق غلط یا نامکمل اعداد و شمار پر مبنی خبروں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا