افغان حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کیخلاف ٹھوس کارروائی کرے: بلاول بھٹو

بلااشتعال جارحیت امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ اور خوشحالی کی اجتماعی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی
 پاکستان پْر امن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں، اچھے تعلقات مستقل پالیسی ہیں:چیئرمین پیپلزپارٹی
اسلام آباد(نیٹ نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ افغان حکام علاقائی امن کے لیے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، افغان حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کیخلاف ٹھوس کارروائی کرے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ بلااشتعال جارحیت علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ اور خوشحالی کی اجتماعی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج نے عزم، تحمل اور پیشہ ورانہ مہارت سے بلااشتعال حملے کا جواب دیا، دہشت گرد گروہ پاکستان سمیت خطے کے امن اور مستقبل کے لیے خطرہ ہیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان پْر امن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات پاکستان کی مستقل پالیسی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغان حکومت یقینی بنائے کہ انکی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔