ماسکو: پاکستان کی معروف اداکارہ دنانیر مبین نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے ماسکو میں بہترین اداکارہ کا عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
دنانیر مبین کو پاکستانی فلم ’میرا لیاری‘ میں شاندار اداکاری پر دوسرے بین الاقوامی یوریشین فلم ایوارڈز ’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘ میں بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ماسکو میں منعقدہ ایوارڈز کی تقریب میں مختلف ممالک کی فلموں اور فنکاروں کو ان کی بہترین کارکردگی پر اعزازات دیے گئے۔ رواں سال اس بین الاقوامی فلمی مقابلے کے لیے پاکستان کی دو فلمیں ’میرا لیاری‘ اور ’ویلکم ٹو پنجاب‘ نامزد ہوئی تھیں۔فلم ’میرا لیاری‘ کی ہدایت کاری ابوعلیحہ نے کی ہے، جبکہ ’ویلکم ٹو پنجاب‘ کے پروڈیوسر صفدر ملک اور ہدایت کار شہزاد رفیق ہیں۔
فلم ’میرا لیاری‘ میں کراچی کے علاقے لیاری کی ثقافت، کھیلوں کی سرگرمیوں، مقامی روایات اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ابوعلیحہ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’میرا لیاری‘ میں دنانیر مبین نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ نیئر اعجاز اور سمیعہ ممتاز نے ان کے والدین کے کردار نبھائے۔ اداکارہ عائشہ عمر بھی فلم میں فٹ بال کوچ کے کردار میں نظر آئیں۔