"میں بھی انسان ہوں، ہمیشہ فلٹرز جیسی نظر نہیں آ سکتی,تنقید کے بعد دنانیر مبین کی لب کشائی

پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار دنانیر مبین نے جلد کے مسائل اور ایکنی سے متعلق کھل کر بات کرتے ہوئے مداحوں سے داد سمیٹ لی۔

“پاوری ہو رہی ہے” ویڈیو سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی دنانیر مبین نے حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنی جلد کی صورتحال اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔اداکارہ کے مطابق گزشتہ چند ماہ ان کے لیے مشکل رہے، جن میں سخت ٹریٹمنٹس، روزانہ میک اپ کا استعمال اور ہارمونل تبدیلیوں نے ان کی جلد کو متاثر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جلد جو کبھی “گلاس اسکن” جیسی سمجھی جاتی تھی، وہ بریک آؤٹس اور شدید ایکنی کے مرحلے سے گزری، تاہم اب آہستہ آہستہ بہتری آ رہی ہے۔دنانیر مبین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نظر آنے والی تصاویر ہمیشہ حقیقی زندگی کی عکاسی نہیں کرتیں، اور وہ بھی ایک عام انسان ہیں جو جلد کے مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔ انہوں نے نوجوان لڑکیوں سے اپیل کی کہ آن لائن تنقید کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ نرمی اور ہمدردی کا رویہ اپنایا جائے۔

ان کے اس کھلے انداز اور خود اعتمادی کے اظہار کو مداحوں اور شوبز شخصیات نے سراہا ہے۔ اداکارہ درفشاں سلیم نے انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمر قبول کرنے اور سیکھنے کی ہے، جبکہ انفلوئنسر حرا بلیح نے کہا کہ جسمانی اور جلد کی تبدیلیاں ایک فطری عمل ہیں۔سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین نے دنانیر مبین کے پیغام کو مثبت قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔