کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے صاحبزادے عواب علوی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل رکھنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین سے 26 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔درخواست گزار عواب علوی کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ پہلے ہی عواب علوی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دے چکی ہے، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود ان کا نام تاحال فہرست سے نہیں نکالا گیا۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے ذمہ دار حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔