اسلام آباد: ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کی توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی، جب ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) سے نکالے جانے کی تصدیق ہوگئی۔کیس کی سماعت جسٹس انعام امین منہاس نے کی، جس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری کا نام 4 جون 2025 کو پی سی ایل سے نکال دیا گیا۔یاد رہے کہ عدالت نے 25 ستمبر 2024 کو فواد چوہدری کا نام فہرست سے خارج کرنے کا حکم جاری کیا تھا، تاہم عدالتی حکم پر تاخیر سے عمل درآمد ہونے پر فواد چوہدری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔
سماعت کے دوران فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ پیش ہوئے۔ فواد چوہدری نے روسٹرم پر آ کر جسٹس انعام امین منہاس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا:’’عدالت کا بہت شکریہ، آپ کو پتا ہے ہم نے کہاں جانا ہے، ہم نے یہیں اپوزیشن کرنی ہے۔‘‘
اس پر جسٹس انعام نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے:
’’آپ نے بھی ان کے پیچھے پڑ کر نام نکلوا ہی لیا۔‘‘
عدالتی ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔
وکیل فیصل چوہدری نے بھی ریمارکس دیے:
’’آپ کے پاس آنے سے ہمارا فائدہ ہوتا ہے۔‘‘
عدالت نے شواہد اور رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد فواد چوہدری کی درخواست کو باضابطہ طور پر نمٹا دیا۔