پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کر دی۔
فیصل جاوید کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد اور جسٹس ثابت اللہ خان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل سے کیس کی تفصیلات پوچھی گئیں، جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرایا۔ فیصل جاوید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی فلائٹ آج ہے اور وہ عمرے کے لیے جانا چاہتے ہیں، مزید کہا کہ عدالت نے پہلے ہی اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ ایف آئی آرز کی بنیاد پر کسی کو بیرون ملک جانے سے نہیں روکا جا سکتا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے یہ بھی کہا کہ فیصل جاوید ان کیسز میں پیش نہیں ہوئے تھے، جس پر جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے ان کے خلاف مقدمات تھوک کے حساب سے درج کیے ہیں۔ فیصل جاوید نے عدالت کو بتایا کہ انہیں حفاظتی ضمانت دی گئی تھی اور وہ تمام مقدمات سے بری ہوچکے ہیں۔عدالت نے یہ فیصلہ کیا کہ حکومت سے ریکارڈ منگوا کر 17 مارچ تک کیس کی مکمل رپورٹ طلب کی جائے، اور سماعت کو اس تاریخ تک ملتوی کر دیا۔